نواز شریف ڈاکٹروں کی ہدایت پر چہل قدمی کر رہے تھے، مریم نواز

June 01, 2020

نواز شریف ڈاکٹروں کی ہدایت پر چہل قدمی کر رہے تھے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف ڈاکٹروں کی ہدایت پر چہل قدمی کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی چائے پیتے تصویر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ان کی طبعیت کو لے کر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کہتے تھے کہ ان سے زیادہ کوئی بیمار نہیں، جبکہ وہ لندن میں کورونا وائرس کی وباء میں بھی ڈھٹائی کے ساتھ بغیر ماسک گھوم رہے ہیں۔

اس کے ردِ عمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ نوازشریف کی تصویر نے دو دن سے کرائے کے ترجمانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔

تاہم اب اس حوالے سے نواز شریف کی صاحبزادی اور پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کا بیان بھی سامنے آگیا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’میاں صاحب کی چہل قدمی پر تبصروں کا مقصد اصل تباہی سے توجہ ہٹانا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ان کے والد ڈاکٹروں کی ہدایت پر چہل قدمی کر رہے تھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ باتیں کرنے والوں کو اگر کام آتا ہے تو کام کریں، اگر نہیں آتا تو کسی سے پوچھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانیں صرف کورونا سے نہیں ان کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کی وجہ سے جارہی ہیں۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نواز شریف سنڈروم کے لاعلاج مرض میں مبتلا ہے۔