انڈونیشیا کا اپنے شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کا فیصلہ

June 02, 2020

کوروناوائرس کے سبب انڈونیشیا نے اپنے شہریوں کو اس سال حج پر نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انڈونیشیا کے وزیر مذہبی امور کے مطابق شہریوں کو حج پر نہ بھیجنے کا فیصلہ کورونا وائرس اور سفر پر عائد پابندیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

سعودی حکومت نے اس سال حج کے ہونے یا نہ ہونے کا اب تک فیصلہ نہیں کیا ہے، امکانی طور پر اس سال مناسک حج جولائی کے آخر میں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مشکل اور سخت فیصلہ تھا۔ تاہم شہریوں اور حج کارکنان کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ اس سال 2 لاکھ 20 ہزار انڈونیشی باشندوں کو حج پر روانہ ہونا تھا۔

انڈونیشیا میں کوروناوائرس سے ایک ہزار 663 اموات ہوئی ہیں، جبکہ 27 ہزار 549 کورونا وائرس پازیٹو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔