کراچی میں آتشزدگی، 25 باڑے خاکستر، 8 بھینسیں ہلاک

June 04, 2020

کراچی میں آتشزدگی، 25 باڑے خاکستر، 8 بھینسیں ہلاک

کراچی میں سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں بھینس کالونی میں آگ لگنے سے 25 باڑے جل گئے جبکہ 8 بھینسیں بھی مرگئیں۔

شہر میں تیز ہوائیں چلنے کے بعد سرجانی ٹاؤن کی بھینس کالونی میں بجلی کی تار ٹوٹ کر بھوسے پر گرنے سے باڑے میں آگ لگ گئی ،جس نے متعدد باڑوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

فائربریگیڈ نےاطلاع ملتے ہی فائر ٹینڈرز روانہ کئے جبکہ واٹر بورڈ کے واٹر ٹینکرز بھی جائے واقعہ پر پہنچے، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کے شعلے دور دور تک دکھائی دینے لگے۔

فائر بریگیڈ نے 5 فائر ٹینڈر اور 5 واٹر ٹینکر کی مدد سے آگ بجھانے کا کام شروع کیا، کچھ گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

ڈیری فارمرز کا دعویٰ ہے کہ آگ لگنے سے ڈھائی سو کے قریب باڑے جل گئے اور متعدد بھینسیں مرگئی ہیں۔

پی ٹی آئی کے ایم این اے آفتاب جہانگیر سمیت دیگر جماعتوں کے علاقائی رہنما بھی موقع پر پہنچے، پی ٹی آئی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ فائر بریگیڈ دیر سے پہنچی ،انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ و میئر کراچی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین جانوری کا کہنا تھا کہ آگ سے 25 باڑوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 8 بھینسیں بھی جل گئی ہیں، آگ بجلی کا تار بھوسے پر گرنے کی وجہ سے لگی۔