کیا آپ پاکستان کی پہلی خاتون کمرشل پائلٹ کو جانتے ہیں؟

June 25, 2020

پاکستان کی پہلی کمرشل پائلٹ شکریہ خانم ہیں، کراچی میں رہائش اختیار کرنے والی شکریہ خانم 1934ء میں پیدا ہوئیں۔

پاکستانی ایئرلائن کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کرنے والی شکریہ خانم نے 1959 میں سی پی ایل یعنی کمرشل پائلٹ لائسنس حاصل کیا جو اس سے قبل کسی پاکستانی خاتون نے حاصل نہیں کیا تھا۔

پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل ائیر لائن کی پائلٹ خاتون شکریہ خانم ایسے وقت میں پی آئی اے کا حصہ بنیں کہ جب قوانین خواتین کو کمرشل پروازیں اڑانے کی اجازت نہیں دیتے تھے۔

ان ہی قوانین کے پیش نظر انہیں گراؤنڈ انسٹرکٹر کے طور پر ملازمت دی گئی، جہاں وہ زیرِ تربیت کیڈٹس کو پڑھانے کا فریضہ سرانجام دیتی تھیں۔

شکریہ خانم ٹی وی اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کی خالہ تھیں، شکریہ خانم بہت باہمت اور نڈر خاتون تھیں اور ایک ایسے دور سے تعلق رکھتی تھیں جو آج کی نسبت بہت روشن خیالی کا دور تھا۔

ڈاکٹر شاہد مسعود کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ امارات ایئرلائن نے شکریہ خانم کو دبئی آکر امارات میں شمولیت کی دعوت دی مگر انہوں نے اسے قبول نہیں کیا اور پاکستان میں رہنے کو فوقیت دی اور ساری عمر پاکستان میں گزاری۔

شکریہ خانم جگر کے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں جس سے وہ لاعلم تھیں، شکریہ خانم کو مئی 2017 میں چوٹ لگنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔ دورانِ علاج تشخیص ہوئی کہ وہ جگر کے کینسر میں مبتلا ہیں جو آخری اسٹیج پر پہنچ چکا تھا۔

کینسر کے علاج کیلئے انہیں کراچی سے لاہور لے جایا گیا لیکن وہ 13 مئی 2017 کو انتقال کر گئیں۔