حامد میر، محمد مالک کی افتخار مرزا کیخلاف از خود نوٹس کیس میں فریق بننے کی درخواست

June 30, 2020

اسلام آباد (رپورٹ :عاصم جاوید) سینئر صحافی و اینکر پرسن حامد میر اور محمد مالک نے عدلیہ اور ججز کے خلاف توہین آمیز اور نفرت انگیز زبان استعمال کرنے پر آغاز افتخار الدین مرزا کے خلاف از خود نوٹس کیس میں فریق بننے کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ مشترکہ درخواست جہانگیر خان جدون ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت عظمیٰ میں داخل کرائی گئی ہے۔ 25جون کو چیف جسٹس گلزار احمد نے سوشل میڈیا پر زیر گردش آغا افتخار الدین مرزا کے ویڈیو کلپ کا از خود نوٹس لیا تھا جس میں انہوں نے عدلیہ اور ججز کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔ 26 جون کو چیف جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے آغاز افتخار الدین ، ڈی جی ایف آئی اے اور اٹارنی جنرل کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کی۔ حامد میر اور محمد مالک نے مشترکہ درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی ہے کہ میرٹ پر کیس کے فیصلے اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اس کیس میں فریق بنایا جائے۔ درخواست گزاروں نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے پروگراموں اور ٹاک شوز کے ذریعے ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کے لئے کردار ادا کیا ، آغا افتخار الدین مرزا نے درخواست گزاروں کے خلاف بھی توہین انگیز اور نفرت آمیز زبان استعمال کی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آغا افتخار الدین مرزا کے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں لہٰذا ہمیں بھی اس کیس میں فریق بنایا جائے۔