ریا چکروتی نے انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ سیکشن بند کردیا

June 30, 2020

بالی ووڈ کے 34 سالہ نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ اور بھارتی اداکارہ ریا چکروتی نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ سیکشن بند کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت سنگھ کے مداح انہیں بھولنے کے لیے بالکل بھی تیار نہیں ہیں۔ اُن کے مداح کسی نہ کسی طرح سے اُن کو مسلسل یاد کر رہے ہیں۔ سوشانت کے مداحوں کا خیال ہے کہ اُن کے خودکشی کرنے کی ایک وجہ اُن کی گرل فرینڈ ریا چکروتی ہیں۔

سوشانت کے مداح ریا کو سوشانت کی موت کا ذمہ دار ٹھہرانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہے اور اُن سے کئی طرح کے ایسے سوال پوچھ رہے ہیں جن سے وہ کافی پریشان ہو گئی ہیں۔ اپنی پریشانیوں سے بچنے کے لیے ریا چکرورتی نےاپنے انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ سیکشن بند کردیا۔

انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ سیکشن بند کرنے کے بعد انہیں انسٹاگرام پر کمنٹ کر کے کوئی بھی کسی طرح کا سوال نہیں پوچھ سکے گا۔

واضح رہے کہ ریا چکروتی نے ممبئی پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا تھا کہ سوشانت سنگھ کسی وجہ سے پریشان تھے لیکن وہ اس بارے میں کسی کو کچھ بتاتے نہیں تھے۔ وہ زیادہ پریشان ہوتے تو کہیں الگ چلے جاتے یا پھر اپنے پونے والے فارم ہاؤس میں چلے جاتے تھے۔

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے رواں ماہ 14جون کو ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکار کا گلا پھانسی کی وجہ سے گھٹا جس کے بعد اُن کی موت واقع ہوئی۔