بلوچستان: 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 50 کیس رپورٹ، دو کا انتقال

June 30, 2020

بلوچستان کے آٹھ اضلاع میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 50 کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 10476 ہوگئی۔ جبکہ کورونا میں مبتلا مزید دو مریضوں کے انتقال کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 121 ہوگئی۔

محکمہ صحت بلوچستان کے کورونا وائرس آپریشن سیل کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق منگل کو بلوچستان میں کوروناوائرس کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے آٹھ اضلاع سے 50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

جس کے بعد صوبے میں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 10476ہوگئی ہے، جن میں سب سے زیادہ 8007 کیسز کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔

جعفر آباد سے317، مستونگ سے 205، خضدار سے 203 اور چاغی سے 183 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ جبکہ منگل کو مزید دو مریضوں کے انتقال کے بعد صوبے میں کورونا سے اموات کی تعداد 121ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مزید 287 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 4484 ہوگئی ہے، جبکہ اس وقت صوبے میں وائرس کے 5871 ایکٹو مریض موجود ہیں، اس کے علاوہ 142 کے ٹیسٹ نتائج آنا باقی ہیں۔