والدہ کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر عامر خان کا پرستاروں سے اظہار تشکر

July 01, 2020

بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے سوشل میڈیا پر ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی والدہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور صحت کے لیے دعا کی تھی۔

انہوں نے اس موقع پر اپنی والدہ کے کورونا وائرس ٹیسٹ کے نیگیٹو آنے پر سکون اور طمانیت کا اظہار کیا۔ اپنی والدہ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ نے تحریر کیا۔

'' آپ تمام کو میرا سلام پہنچے، میں بہت خوشی اور اطمینان کے ساتھ آپکو آگاہ کررہا ہوں کہ امی کا کورونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔ آپ تمام کا شکریہ کہ آپ نے دعائیں دیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا''۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عامر خان نے ٹوئٹر پر اپنا ایک بیان شیئر کرتے ہوئے اپنے پرستاروں کو بتایا تھا کہ ان کے بعض اسٹاف ممبرز کا کورونا ٹیسٹ پوزیٹو آیا ہے، جنہیں فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے، بی ایم سی حکام اس حوالے سے بہت مستعد ہیں جنھوں نے ان اسٹاف ممبرز کو فوری طور پر طبی مرکز منتقل کردیا ہے۔

عامر خان نے مزید کہا، ''ہم تمام کا بھی ٹیسٹ کیا گیا جوکہ منفی تھا، اور اب میں اپنی والدہ کو ٹیسٹ کے لیے لے جارہا ہوں، جو اس حوالے سے آخری فرد تھیں, جنکا کہ ٹیسٹ کیا جانا ہے، برائے مہربانی دعا کیجیئے گا کہ وہ منفی ہوں، میں ایک بار پھر بی ایم سی کے فوری اقدامات پر انکا شکرگزار ہوں''۔