یورپی یونین نے پی آئی اے پر اپنا اعتماد کھودیا، ترجمان

July 02, 2020

یورپی یونین نے پی آئی اے پر اپنا اعتماد کھودیا، ترجمان

کراچی (اے ایف پی) حکام کا کہنا ہے کہ مشکوک لائسنس رکھنے والے پائلٹوں کو گراؤنڈ کرنے کے بعد یورپی یونین کیلئے ریگولیٹرز نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز پر چھ ماہ کیلئے پابندی لگادی ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبد اللہ خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے پی آئی اے کو بتایا کہ ابھی بھی یہ یقینی نہیں کہ آیا باقی تمام پائلٹس مناسب طور پر اہل ہیں اور انہوں نے ایئرلائن پر اپنا اعتماد کھودیا ہے۔

ای اے ایس اے نے بتایا کہ اس نے پی آئی اے اور ایک چھوٹی نجی پاکستان ایئرلائن کو حالیہ تحقیقات کے پیش نظر معطل کردیا ہے جن کی اطلاعات پاکستان پارلیمان میں سامنے آئی تھیں جن میں انکشاف ہوا تھا کہ پاکستان میں جاری پائلٹ لائسنسوں کا ایک بڑا حصہ غلط ہے ۔

خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اپیل دائر کر رہی ہے۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے 26 جون کو پی آئی اے کو مطلع کر دیا تھا کہ اسکے اجازت نامے کو معطل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

28 جون کو پی آئی اے نے اس بارے میں جواب دیا کہ اس بارے میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں مگر یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا ۔