سنتھیا پر مقدمے کی درخواست، FIA کو دوبارہ نوٹس جاری

July 02, 2020


اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہر سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے ندیم مغل کی سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست کی سماعت کی۔

سینتھیا ڈی رچی بھی اپنے وکیل عمران فیروز ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

دورانِ سماعت ایف آئی اے کی جانب سے عدالتی نوٹس کے باوجود جواب جمع نہیں کرایا گیا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ عدالت ایک اور درخواست پر ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر چکی ہے۔

عدالت نے مقدمے کے اندراج کی درخواست منظور کر کے ایف آئی اے کو انکوائری کی ہدایت کی تھی۔

اسلام آباد کی عدالت نے حکم میں لکھا تھا کہ انکوائری میں شواہد ملیں تو مقدمہ درج کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

FIA کی سنھتیا رچی پر مقدمے کی درخواست خارج کرنے کی استدعا

امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی نے مقدمے کے اندراج کی درخواست منظور کرنے کا عدالتی فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کر دی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی خاتون سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ 2011ء میں جب رحمٰن ملک وزیر داخلہ تھے تو انہوں نے سنتھیا کے ساتھ زیادتی کی تھی، جبکہ سابق وزيرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرِ صحت مخدوم شہاب الدین نے بھی دست درازی کی تھی۔