اسلام آباد(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز)سنتھیا رچی، ایف آئی اے کے بعد پی ٹی اے بھی مقدمہ درج کرنے سے دستبردار، امریکی خاتون کیخلاف مقدمہ درج کرنیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ،کل سنایاجائیگا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج محمدجہانگیر اعوان نے بےنظیر بھٹو پر الزامات پر امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پردلائل مکمل ہونے کےبعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو کل 15جون کو سنایا جائے گا۔
ایف آئی اے کے بعدپی ٹی اے نے بھی امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست کی مخالفت کر دی۔ہفتہ کو پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی درخواست پرسماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل ریاست علی آزاد نے سینتھیا ڈی رچی کا متنازع ٹویٹ عدالت میں پیش کر دیا اور کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنایا۔
دلائل دیتے ہوئےکہا کہ ایف آئی اے نے کہا کہ بینظیر بھٹو کیخلاف متنازع ٹویٹ سے پیپلز پارٹی کا ہر کارکن متاثرہ فریق ہے ریاست کے پاس نازیبا ٹویٹ کرنے والی خاتون کیخلاف کارروائی کرنے کا اختیار ہے کوئی بھی جرم ہوتا ہے تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کارروائی کرے، یہ سائبر ٹیررازم کا معاملہ ہے، جسٹس آف پیس جوڈیشل نہیں۔