ماسٹر پلان بنائے جائیں، شہر تباہ ہورہے ہیں، وزیراعظم

July 02, 2020


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شہروں کے لیے ماسٹر پلان بنائے جائیں، شہر تباہ ہورہے ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کو پتا ہی نہیں ہے کہ اس ملک کو اللہ نے کتنے وسائل دیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پندرہ نیشنل پارکس کا فیصلہ آئندہ نسلوں کے لیے بڑا قدم ہے، نیشنل پارکس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو روزگار ملے گا تو وہ ان پارکس کا تحفظ بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نےسیاحتی مقام، گلیات اور مری کو تباہ ہوتے دیکھا ہے، گائیڈ لائنز دیں گے کہ کیسے نیشنل پارکس کو محفوظ بنانا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ اب تک کسی حکومت نے ماحولیاتی منصوبوں کو ترجیح نہیں سمجھا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ قوانین بننے تک کوئی نیا علاقہ نہ کھولا جائے اور شہروں کے لیے ماسٹر پلان بنائے جائیں، شہر تباہ ہورہے ہیں۔