کراچی: منظور کالونی میں فائرنگ، مددگار پولیس کا سپاہی شہید

July 03, 2020

کراچی کے بلوچ کالونی تھانے کی حدود منظور کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق 26 سالہ پولیس کانسٹیبل نعمان علی آج صبح یونیفارم میں ڈیوٹی پر جانے کے لیے روانہ ہوا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے اسے منظور کالونی عوامی چوک کے قریب ٹارگٹ کیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس کانسٹیبل کو 30 بور پستول سے 3 گولیاں ماریں اور فرار ہوگئے۔

نعمان علی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسپتال پہنچنے تک نعمان کی موت واقع ہو چکی تھی، ڈاکٹرز کے مطابق نعمان علی کو 3 گولیاں ماری گئیں۔

پولیس کے مطابق شہید ہونے والا پولیس کانسٹیبل مددگار 15 پولیس میں تعینات تھا جو ڈیوٹی پر جاتے ہوئے دہشت گردی کا نشانہ بنا۔

واقعے کے بعد پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق جائے وقوع کے اطراف کے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

ڈکیتی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار جاں بحق، ملزم زخمی

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے کے بعد پولیس کانسٹیبل نعمان کا اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔

دوسری جانب شہید پولیس اہلکار نعمان کا جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا۔

جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر سکندر کے مطابق پولیس اہلکار نعمان کو گردن پر لگنے والی گولی ہی جان لیوا ثابت ہوئی ہے، یہ گولی گردن پر لگی اور دماغ میں اٹک گئی۔