ایس او پیز پر عمل کرنے کیلئے قوم کا کردار قابلِ تحسین ہے، وزیر اعظم

July 04, 2020


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بنائے گئے ایس او پیز پر عمل کرنے اور چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کا کردار قابل تحسین ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے دورے کے دوران کیا۔

وزیراعظم عمران خان کو این سی او سی دورے کے دوران اسمارٹ لاک ڈاؤن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے این سی او سی ممبران کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ این سی او سی نے جن مشکل حالات میں کام کیا قوم کو اس پر فخر ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ این سی او سی نے مشکل صورتحال میں ہماری بہتر رہنمائی کی۔

وزیر اعظم خان نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران فرنٹ لائن سپاہیوں کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈکس کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

انہوں نے صوبوں میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل کرنے اور چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن سے غریبوں کی زندگیاں مثاتر ہوئے بغیر مرض پر قابو پانے میں مدد ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن سے معیشت پر منفی اثرات کم مرتب ہوئے۔