فیفا گرانٹ جلد کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے، رئیس خان

July 05, 2020

کراچی (نمائندہ جنگ) فیفا کی جانب سے دی گئی گرانٹ فوری طور پر کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے۔ کراچی مارٹا ویمن فٹ بال کلب کے بانی و صدر رئیس خان نے فیفا کی جانب سے فیفا کی ممبران ایسو سی ایشن کیلئے کرونا سے متاثرہ کھلاڑیوں کیلئے ایک ملین ڈالر کرونا ریلیف فنڈ اور پی ایف ای کیلئے ویمن فٹ بال کیلئے پانچ لاکھ ڈالر ایڈیشن گرانٹ کا اعلان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں ہیں کھلاڑی مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ گرانٹ کہیں اور چلی جائے اور کھلاڑی منہ دیکھتے رہ جائیں اس گرانٹ کو فوری کھلاڑیوں میں تقسیم کیا جائے تاکہ کھلاڑی اس مشکل وقت میں ریلیف حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ فیفا فنٓڈ سے خواتین فٹ بال کو فروغ حاصل ہوگا اور ویمن لیگ کی راہ ہموار ہوگی۔ ملک میں کرونا وائرس کے باعث ویمن فٹ بال کھلاڑی شدید متاثر ہوئی ہیں۔