کینیڈا اور ہانگ کانگ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ معطل

July 05, 2020

اوٹاوا(جنگ نیوز)ہانگ کانگ میں چین کے سیکورٹی قوانین کے نفاذ کے بعد کینیڈا نے فوری اقدام کے طور پر ملزمان کی باہمی حوالگی کے سمجھوتے کو معطل کر دیا ہے۔کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ان کا ملک "ایک ملک مگر ہانگ کانگ اور چین کے الگ الگ قوانین" کے اصول پر سختی سے یقین رکھتا ہے۔انھوں نے کہا کہ کینیڈا ہانگ کانگ کے عوام کے آزادی اور جمہوریت کے مطالبے کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیر اعظم ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا بین الاقوامی برادری کی اس تشویش میں برابر کا ساتھی ہے جو چین کی جانب سے ہانگ کانگ میں سیکورٹی قوانین کے نفاذ پر کی جا رہی ہے۔ ہم ہانگ کانگ کے ساتھ اپنے تعلق کو قائم رکھیں گے اور وہاں کے عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں امیگریشن سمیت کئی اقدامات اٹھانے پر غور کریں گے۔کینیڈا حساس اشیا ہانگ کانگ برآمد کرتے ہوئے وہی اصول سامنے رکھے گا جو چین کے سلسلے میں برتے جاتے ہیں۔ٹروڈو نے کہا کہ فوری طور پر کینیڈا کسی قسم کے حساس فوجی آلات ہانگ کانگ برآمد نہیں کرے گا۔کینیڈا کے وزیر اعظم ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ کی صورت حال پر ہمیں سخت تشویش ہے اور ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ اس معاملے پر صلاح مشورے کر رہے ہیں۔ ان میں وہ ممالک بھی شامل ہیں جنہوں نے سخت موقف اپنایا ہے اور چین کے اس فیصلے کے خلاف واضح بیانات دیے ہیں۔