وفاقی وزیر قدرتی وسائل اخلاقیات سے عاری ہیں

July 05, 2020

ہیلی فیکس(نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے مذہبی امور کے صدر علامہ قاری محمد عباس،بریڈفورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور،استحکام پاکستان کونسل برطانیہ کے صدر زیڈ اے مرزا،سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہد عقیق،اسد بٹ، صدر پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ نارتھ ویسٹ اینڈ ہمبر سائیڈ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اخلاقیات اور اقدار سے عاری وفاقی وزیر قدرتی وسائل کی طرف سے سوشل میڈیا پر سینئر صحافیوں کیخلاف قابل اعتراض اور دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں ان شخصیات نے کہا کہ دوسروں پر کیچڑ اُچھالنے والے وفاقی وزیر کا صحافیوں کی طرف سے حقائق پر مبنی سوالات، غیر قانونی اثاثوں اور امریکی شہریت پر دھمکیاں دینا بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔موصوف دھوکا دہی کے جرم کے مرتکب ہوئے ہیں ،سیخ پا ہونے کی بجائے اپنے اندر جرأت اور ہمت پیدا کریں اور اپنے اوپر لگنے والے الزامات اور حقائق کا عدالت میں جواب دیں ۔