نور الاسلام جامع مسجد کوونٹری کھول دی گئی ہے،چوہدری شبیر

July 05, 2020

کوونٹری (نمائندہ جنگ ) نور الاسلام جامع مسجد کوونٹری کے تنظیمی امور کے نگران اعلیٰ و سابق لارڈ میئر چوہدری شبیر نے کہا کہ کورونا بیماری کے دوران حکومتی قوانین اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی وجہ سے مساجد کو بند کر دیا گیا تھا تاکہ اس موذی بیماری سے بچا جا سکے اور اپنی جانوں کو محفوظ بنایا جائے، مسجد کمیٹی حکومت کے بتائے ہوئے قوانین پر کاربند ہے اور حکومتی احکامات کی روشنی میں نورالاسلام مسجد کے دروازے4جولائی سے کھل گئے ہیں تاکہ ہم اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی معافی اور دنیا کو اس مشکل سے نکالنے کی دعا کر سکیں۔ چوہدری شبیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھتے ہوئے مسجد میں داخل ہوں ہمارے اور حکومت کے نزدیک عوام کی زندگیوں کی بڑی اہمیت ہے عوام جب بھی مسجد آئیں اپنا اور دیگر ساتھیوں کا خیال رکھیں حکومتی قوانین کا خیال رکھیں تاکہ وائرس مزید نہ پھیلے ہم سب کو مل کر برطانیہ کو محفوظ بنانا ہے۔