شہباز شریف کے کورونا نیگیٹو آنے کا انکشاف پہلے میں نے کیا: فیاض الحسن چوہان

July 06, 2020

وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آنے کا انکشاف نون لیگ نے نہیں میں نے کیا تھا۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میرے انکشاف کے بعد شہباز شریف نے مریم اورنگزیب کو کورونا نیگیٹو آنے کا بیان دینے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون تو کورونا نیگیٹو کی رپورٹ دبانے کے چکر میں تھی، اب شہباز شریف نے اینٹی باڈیز ٹیسٹ کا نیا شوشہ چھوڑ دیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف سے درخواست ہے کہ اب فرنٹ فٹ پر آکر کورونا کے خلاف لڑیں، اگر کوئی بیماری ہے تو حکومت شہباز شریف کا علاج کرانے کو تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیے: شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

انہوں نے کہا کہ دو سال میں اسپتالوں کی حالت ایسی ہے کہ ہم آپ کا علاج کرسکتے ہیں، شہبازشریف اب دھوکہ دہی چھوڑیں اور کورونا کے خلاف ملک بھر میں جنگ لڑیں۔