امریکا نے ڈبلیو ایچ او سے باضابطہ طور پر دستبردار ہونے کا نوٹس جمع کرادیا

July 08, 2020


امریکا نے عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طورپر دست بردار ہونے کیلئے نوٹس سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوٹریس کو پہنچا دیا جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس نے کردی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ دست برداری کے لئے ایک سال پہلے نوٹس دیا جاتا ہے۔ اس لئے امریکا 6 جولائی 2021ء تک ڈبلیو ایچ او سے علیحدگی اختیار نہیں کرسکتا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپریل میں الزام لگایا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق بروقت اور شفاف معلومات دینے میں ناکام رہا ہے، اس لیے امریکا عالمی ادارے کی تقریبا 50 کروڑ ڈالرز کی سالانہ امداد روک لے گا۔

دوسری جانب امریکا کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ صدر منتخب ہوئے تو امریکا پہلے ہی روز عالمی ادارہ صحت میں دوبارہ شمولیت اختیار کرلے گا۔