وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدرکا برہان وانی شہید کی برسی پرخصوصی پیغام

July 08, 2020

وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے برہان وانی شہید کی برسی پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں جولائی کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ 8 جولائی کشمیر کے بطل حریت برہان وانی کی شہادت کا دن ہے۔

راجا فاروق حیدر نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کو نیا رخ دیا، مقبوضہ کشمیر کی انفرادیت کو قائم رکھنا سب کی ذمہ داری ہے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو آباد کرکے کشمیریوں کی شناخت ختم کرنا چاہتا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حریت قیادت کو بھارتی فوج نے پابند سلاسل کر رکھا ہے، پورا کشمیر 10 ماہ سے بند ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مہاراجہ کشمیر نے 1927 میں اسٹیٹ سبجیکٹ نافذ کیا تھا کہ جموں اور لداخ والے غیر کشمیریوں کو داخل نہ ہونے دیں۔

راجا فاروق حیدر نے کہا کہ وادی، جموں، لداخ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر اکائیاں ہیں، ریاست کی شناخت کو قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیری رہنما برہان وانی کو 8 جولائی 2016 کو محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران 2 ساتھیوں کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔