سپریم کورٹ نے ریلوے کی بہتری کے اقدامات پر مبنی رپورٹ ایک ماہ میں طلب کرلی

July 09, 2020



سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریلوے کی بہتری، حادثات سے بچاؤ کے اقدامات پر مبنی رپورٹ ایک ماہ میں طلب کرلی۔

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے بلکہ اس کے ملازمین اسے چلانے کے اہل نہیں ہیں۔

سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ ازخود نوٹس کی آج کی سماعت ہوئی جس میں تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ ریلوے حادثات سے بچاؤ اور قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے حکومت فوری اقدامات اٹھائے۔

عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ ریلوے کو جیسا چلایا جانا چاہیے ویسا نہیں چلایا جارہا۔ ریلوے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں اور ریلوے کا نقصان معمول بن چکا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ریلوے کا انفرا اسٹرکچر برباد ہو چکا بلکہ ریلوے ملازمین بھی اسے چلانے کے اہل نہیں ہیں۔

عدالت عظمیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریلوے کے آپریشن اور اس کے سیکریٹریٹ کو اوپر سے نیچے تک اوورہال کرنے کی ضرورت ہے۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ عدالت توقع کرتی ہے کہ حکومت ریلوے کی حالت بہتر اور سفر محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔

سپریم کورٹ نے ریلوے کی بہتری، حادثات سے بچاؤ کے اقدامات پر مبنی رپورٹ ایک ماہ میں طلب کرلی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق رپورٹ بھی سپریم کورٹ میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے پر کافی پیش رفت ہوئی ہے۔