‎سندھ میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

July 10, 2020

سندھ میں پولیوکا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے، جس کے بعد صوبے میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری میں ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، بچی کا بایاں ہاتھ اور بایاں پاؤں پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے۔

سندھ میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 اور پورے ملک میں 58 ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق امید ہے کہ جولائی میں محدود پیمانے پر کراچی میں اور اگست میں پورے سندھ میں پولیو مہم چلائی جائے گی۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں سیوریج کے پانی میں ایک بار پھر پولیو وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں رواں سال کے دوران تیسری بار پولیو کے نمونے مثبت آگئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے پولیو وائرس کی موجودگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے: پولیو کے خاتمے کیلئے سیاسی قیادت متحد ہے، ظفر مرزا

محکمہ صحت کے مطابق اچکیرہ کے مقام سے لئے گئے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے، یہ نمونے مئی 2020 ء میں لیے گئے تھے۔

محکمہ صحت کے مطابق 40 مخصوص یونین کونسلز میں 20 جولائی سے انسداد پولیو مہم شروع کی جائےگی۔

اس سے قبل رواں سال فروری اور مارچ میں بھی سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس سامنے آچکا ہے جبکہ ضلع میں اس دورانیے میں پولیو کے 3 کیسز بھی سامنے آچکے ہیں۔