• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیو کے خاتمے کیلئے سیاسی قیادت متحد ہے، ظفر مرزا

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی قیادت متحد ہے۔

اسلام آباد میں پولیو انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ (آئی ایم بی) سے خطاب میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ 2019ء میں پاکستان کے پولیو پروگرام کو کئی چیلنجز درپیش تھے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے آئی ایم بی کی اکتوبر 2019ء کی تجاویز پر بھرپور عمل درآمد کیا گیا، اس حوالے سے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے مزید کہا کہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر پولیو کےحوالے سے آگہی مہم جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، دسمبر 2019 اور فروری 2020 میں کامیاب انسداد پولیو مہم چلائی گئی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ کورونا کےاثرات کے باوجود انسداد پولیو مہم کے لیے بالکل تیارہیں، پولیو کو شکست دینے کے لیے مزید متحد ہو کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ 2020 میں کورونا کیسز کے بعد پولیو مہم روک دی گئی تھی، کورونا سے نمٹنے کا تجربہ پولیو کے خاتمے کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔

معاون خصوصی برائےصحت نے یہ بھی کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا سے ہیلتھ ورکرز متاثر ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، آئی ایم بی کی رہنمائی سے پاکستان سمیت دنیا سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔

کوآرڈی نیٹر پولیو پروگرام ڈاکٹر رانا صفدر نے آئی ایم بی کو پولیو مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کورونا وبا پر قابو پانے میں پولیو ورکرز نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزید بہتر حکمت عملی سے پولیو مہمات چلائی جائیں گی، آئی ایم بی کی رہنمائی سے مزید بہتری ہوگی، پولیو ورکرز کے کورونا وبا میں کردار سے بہتر نتائج متوقع ہیں۔

تازہ ترین