علی ظفر کا مداحوں سے دلچسپ سوال

July 11, 2020

پاکستان کی مشہور فلم طیفا ان ٹربل کے کردار ’طیفا‘ نے خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے۔

فلم میں طیفا کا کردار نبھانے والے اداکار و گلوکار علی ظفر نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے ایک دلچسپ سوال کر ڈالا۔

اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس سے نبرد آزما ہے، ایسے میں جس بھی شخصیت کا کورونا ٹیسٹ مثبت آرہا ہے یا پھر اس کا شک بھی ہوتا ہے تو وہ خود کو قرنطینہ کرلیتا ہے۔

عالمگیر وبا کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اس خود ساختہ تنہائی کو حقیقی دنیا سے الگ ایک کردار طیفا نے بھی اختیار کیا ہے۔

طیفا کا کردار نبھانے والے علی ظفر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی جس میں انھوں نے طیفا کی (یعنی خود کی) ایک تصویر شیئر کی جس میں یہ کردار کچھ سوچ رہا ہے۔

انھوں نے تصویر کے عنوان میں لکھا کہ طیفا نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

علی ظفر نے مداحوں سے سوال کیا کہ طیفا کے دماغ میں اس وقت کیا چل رہا ہے؟ کیا کوئی اندازہ لگا سکتا ہے؟

اداکار کی اس پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے بھی بہت دلچسپ اندازے لگائے گئے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ طیفا کے دماغ میں اس وقت چائے چل رہی ہے، جبکہ ایک نے لکھا کہ طیفا صاحب پولینڈ میں رہائش اختیار کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 15 لاکھ امریکی ڈالر کے بجٹ میں بننے والی فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ 2018 میں ریلیز ہوئی اور ان دو سال میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکی ہے۔

فلم ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک 22.3 کروڑ کما چکی ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’طیفا اِن ٹربل‘میں علی ظفر، مایا علی، جاوید شیخ، فیصل قریشی، محمود اسلم اور نیئر اعجاز نے اہم کردار کیا تھا جب کہ فلم کی ہدایت کاری احسن رحیم نے کی تھی۔

فلم کو لائٹ اینگل پروڈکشن، جیو فلمز، مانڈوی والا انٹر ٹینمنٹ اور ٹیڈ پول فلمز کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔

رواں برس کے آغاز میں ہی طیفا ان ٹربل کو نیٹ فلیکس پر بھی ریلیز کیا گیا ہے۔