فیس ماسک کورونا کا خطرہ 65فیصد کم کردیتا ہے، امریکی طبی ماہرین

July 13, 2020

ہیلی فیکس(نمایندہ جنگ)امریکا کے طبی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اپنے چہرے کو ڈھانپنے والے افراد کا کورونا سے متاثر ہونے کا خطرہ 65 فیصد تک کم ہوجاتا ہے، ماہرین کے مطابق کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک پہننے والے افراد وائرس سے دیگر کے مقابلے میں زیادہ محفوظ رہتے ہیں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع Davis Children’s Hospital کے ماہرین نے فیس ماسک پہننے اور اس کی وجہ سے کورونا سے محفوظ رہنے کے حوالے سے تحقیق کی۔ ماہرین کے مطابق کورونا مریضوں سے صحت مند افراد میں آسانی سے منتقل ہوسکتا ہے، اس لیے اپنے منہ کو ڈھانپنا ضروری ہے کیونکہ وائرس ناک اور منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہوکر اسے متاثر کرسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم جیسے روایتی، کپڑے کا یا سرجیکل ماسک پہننے سے خطرہ 65 فیصد ختم ہوجاتا ہے جبکہ این 95 سب سے بہترین ماسک ہے جو وائرس سے محفوظ رکھتا ہے البتہ اس کی عام لوگوں سے زیادہ طبی عملے کو ضرورت ہے۔ ماہرین نے عوام کو ماسک لازمی پہننے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ انہیں ماسک کے مؤثر ہونے پر یقین نہیں، وہ سائنسی شواہد کو نظرانداز کرتے ہیں۔