عدالتوں میں کام شروع کرانے کے احکامات جاری کئے جائیں، وکلا

July 14, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بار کونسل اور سندھ بار کونسل نے چیف جسٹس آف پاکستان سے عدالتوں میں کام شروع کرانے کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ وکلا کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو وکلا از خود عدالتیں بند کردیں گے، تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں پاکستان بار کونسل اور سندھ بار کونسل کے اراکین کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی۔ رکن پاکستان بار کونسل محمود الحسن ایڈووکیٹ نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے عدلیہ کا نظام معطل ہوگیا تھااب دیگر کاروبار زندکھل گیا ہے, جب ملک بھر میں کام جاری ہے تو عدالتوں میں کیوں نہیں ہوسکتا۔چیف جسٹس سے مطالبہ ہے کہ عدلیہ میں کام شروع کرنے کے احکامات جاری کریں، اگر ایسا نہیں ہوا تو وکلا از خود عدالتیں بند کردیں گے، اگر آج عدلیہ خود کو مضبوط نہیں کرتی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، ہماری جدوجہد عدلیہ کی آزادی کے لئے ہے ، ہم بہادر ججز اور اسٹبلشمنٹ کے سامنے ڈٹ جانے والے ججز کے ساتھ ہیں۔ رکن پاکستان بار کونسل محمد عاقل ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اسلام آباد میں کیسز چل رہے ہیں ، سندھ میں صرف فوجداری مقدمات چل رہے ہیں، ایس او پیز کے تحت تمام مقدمات چلانے کی اجازت دی جائے۔ رکن سندھ بار کونسل افتخار جاوید قاضی کا کہنا تھا کہ طاقتور قوتیں 2007 کے بعد سے وکلا کو تقسیم کرنے کی سازشیں کررہی ہیں، اب وکلا کو عدلیہ سے متنفر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کل اگر عدلیہ پر برا وقت آتا ہے تو شاید وکلا پہلے کی طرح نہیں کھڑے ہونگے۔