بڑھتے پولیو کیسز، پاکستان پر عارضی سفری پابندیوں میں3 اکتوبر تک توسیع

July 14, 2020

جنیوا(آئی این پی)عالمی ادارہ صحت نے پولیو کیسز پر قابو نہ پانے اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث پاکستان پر عارضی سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشن ایمرجنسی کمیٹی کیے 25ویں اجلاس میں پاکستان پر عارضی سفری پابندیوں میں 3 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے۔

یہ فیصلہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز اور ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کے باعث کیا گیا ہے۔

پابندیوں کے تحت پاکستان سے باہر جانے والے افراد کی پولیو ویکسی نیشن لازمی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے بعض علاقے پولیو وائرس کے نئے گڑھ بن گئے ہیں۔

کراچی اور کوئٹہ میں بھی پولیو وائرس کی ٹرانسمیشن بلا تعطل جاری ہے۔

ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے محفوظ علاقوں میں بھی پولیو کی موجودگی اور کیسز بڑھ رہے ہیں ۔