لاہور: 10جولائی کو دم توڑنے والے بچے میں پولیو کی تصدیق

July 14, 2020


لاہور کے علاقے راوی ٹاؤن میں 10 جولائی کو انتقال کرنے والے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق راوی ٹاؤن کے رہائشی 26 ماہ کے محمد علی کے دونوں ہاتھ اور پاؤں پولیو وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ بچے کو جون میں فالج ہوا جس پر اسے چلڈرن اسپتال لاہور لے جایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: پشاور، پولیو ٹائپ ٹو کے 41 کیسز رپورٹ

ڈاکٹروں نے بچے کی حالت دیکھ کر 16 جون کو پولیو ٹیسٹ کے لیے سیمپلز لیے گئے۔ نیشنل لیبارٹری نے تقریباً ایک ماہ بعد آج رپورٹ جاری کی جس کے مطابق محمد علی پولیو وائرس کا شکار تھا۔ رپورٹ آنے سے چار روز قبل ہی متاثرہ بچہ اسپتال میں دم توڑ چکا تھا۔

انسداد پولیو پروگرام انتظامیہ کے مطابق انہیں بچے کے انتقال کا علم چار روز بعد ہوا۔ موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جار ہی ہیں۔

پنجاب پولیو پروگرام کی انچارج سندس ارشاد کا کہنا ہے کہ صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد چار جبکہ ملک بھر میں 59 ہو چکی ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے پولیو مہم تعطل کا شکار ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں جلد انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کے 10 اضلاع میں رواں سال پولیو ٹائپ2 کے 41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 5 ماہ سے خیبرپختونخوا میںا نسداد پولیو مہم شروع نہیں ہوسکی ہے۔

دوسری طرف کراچی کے مختص ٹاونز میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔