کے الیکٹرک کا نیا بہانہ، لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی بند، عوام بے حال

July 15, 2020

کے الیکٹرک کا نیا بہانہ، لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی بند، عوام بے حال

کراچی (اسٹاف رپورٹر / جنگ نیوز)کے الیکٹرک نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نیا بہانہ تراش لیا ہے اور لوڈ مینجمنٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی بند رکھی جاری ہے اور اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے عوام بے حال ہوگئے ، کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہےکہ بن قاسم پلانٹ میں خرابی ہوئی ہے ۔

صارفین کا کہنا ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بندش ایوان اقتدار کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ کے ایک یونٹ پر ٹیکنیکل فالٹ کے باعث کے الیکٹرک کو بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 130میگاواٹ کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کم نقصانات والے علاقوں میں عارضی لوڈ مینجمنٹ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کو شہر میں لوڈشیڈنگ کا ایک اور بہانہ مل گیا جس میں اس نے بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی کو جواز بنا کر130؍ میگا واٹ بجلی کی کمی کی اطلاع دی ہے۔ لو ڈمینجمنٹ کے نام پر کے الیکٹرک نےمنگل کو بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا شہر کے متعدد علاقوں سے صارفین نے بتایا کہ ا نہیں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی بند رہنے کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

واضح رہے پیر کو بن قاسم پاوراسٹیشن کا ایک یونٹ بند ہونے سے 130 میگا واٹ کی کمی ہو گئی تھی جس کے باعث کے الیکٹرک نےلوڈشیڈنگ کا اعلان کیا تھا منگل کو فیڈرل بی ایریا، عزیز آباد، نیو کراچی، گارڈن،عثمان آباد ، غازی نگر، حسن لشکری ولیج ، رامسوامی ، قیوم آباد، بھٹائی کالونی، کورنگی ، لانڈھی، ابراہیم حیدری، قائد آباد، ملیر سمیت متعد د علاقوں سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ملیں بعض صارفین کا کہنا تھا کہ تمام تر حکومتی کوشش اور دعوؤں، مختلف سیاسی پارٹیوں کے مظاہروں کے باوجود کراچی میں بجلی کی فراہمی معمول پر نہ آسکی۔