احسان اللّٰہ احسان کی بلاول کو قتل کی دھمکی پر حکومت جواب دے، کائرہ

July 15, 2020

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ احسان اللّٰہ احسان کی بلاول بھٹو کو دی جانے والی قتل کی دھمکی پر حکومت جواب دے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران قمر زمان کائرہ نےکہا کہ احسان اللّٰہ احسان کو کس نے باہر جانے دیا؟ ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی مسائل پر جلد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانا چاہتے ہیں، تبدیلی قومی اسمبلی کے اندر سے لائی جائے گی۔

پی پی وسطی پنجاب کے صدر نے مزید کہا کہ ہم سنجیدگی سے جلد اے پی سی بلانا چاہتےہیں لیکن شہباز شریف کی طبیعت آڑے آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اے پی سی کے ایجنڈے پر لانے کی بات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے:

قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ پلیئرز پیچھے ہٹیں مل کر ایوان کے اندر سے تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاشزم کا اصول ہے کہ زندہ رہنے کے لیے پروپیگنڈا کیا جائے، چینی، آٹا، پٹرول بحران کے مافیاز عمران خان کے دائیں اور بائیں کھڑے ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے جو بھی ناکامی ہوتی ہے، اسے اپنے خلاف سازش قرار دے دیتے ہیں۔