کلبھوشن یادیو کو دوسری مرتبہ قونصلر رسائی دیدی گئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

July 16, 2020


دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی طرف سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو آج دوسری مرتبہ قونصلر رسائی دے دی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کو پہلی مرتبہ قونصلر رسائی گزشتہ سال 2 ستمبر کو دی گئی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ کلبھوش کی والدہ اور اہلیہ کو 25 دسمبر2017 کو کلبھوشن سے ملوایا گیا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ آج دوسری مرتبہ بھارت کو را کے جاسوس کلبھوشن تک قونصلر رسائی دی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور گوروو آہلووالیہ سمیت 2 اہلکاروں نے کلبھوشن یادیو سے ملاقات کی ہے۔

قبلِ ازیں ناظم الامور گورو آہلووالیا نے پاکستانی سفارتی حکام کے ساتھ کلبھوشن یادیو کے لیے قونصلر رسائی کی تفصیلات طے کیں۔

واضح رہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سیکیورٹی فورسز نے ایران سے پاکستان میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔

بھارتی نیوی کے سابق افسر نے دوران تفتیش اعتراف کیا تھا کہ وہ کراچی اور بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

جب کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ نے ان سے ملاقات کی تھی تب بھی بھارتی جاسوس نے اپنے بیان کی تصدیق کی تھی اور اپنے اہلِ خانہ کے سامنے بھی پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔