خیر پور: طلبہ سے زیادتی کا ملزم ٹیچر ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

July 18, 2020

سندھ کے شہر خیر پور میں کمسن طالب علموں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے استاد سارنگ شر کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

خیر پور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ایک بچے سے زیادتی کیس میں ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

عدالت نے پولیس کو دوسرے زیادتی کیس میں ملزم کو پیر کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

پولیس کی جانب سے عدالت سے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

ملزم کے خلاف اس کے 2 شاگردوں سے زیادتی کرنے کے 2 مقدمات درج ہیں۔

پولیس کے مطابق زیادتی کی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمات درج ہوئے تھے، ملزم کو پولیس نے گزشتہ روز رانی پور سے گرفتار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: کمسن طالبعلم سےمبینہ زیادتی پر شہریوں کا ملزم پر تشدد

ملزم کے خلاف درج مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی، ٹیلے گرافک ایکٹ اور زیادتی کی دفعات شامل ہیں، ملزم رواں سال ہی ہائی اسکول ٹیچنگ سے ریٹائر ہوا تھا جس کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہے۔

ایس ایس پی خیرپور کے مطابق ملزم سارنگ شر ٹیوشن پڑھنے کے لیے آنے والے کمسن طالب علموں سے جنسی زیادتی کرتا اور ان کی ویڈیوز بھی بناتا تھا۔

ملزم چند سال پہلے ہی خیرپور منتقل ہوا ہے جو یہاں 6 سے 7 طالب علموں کو انگریزی زبان کی ٹیوشن دیتا تھا۔