سستا گھر ہاؤسنگ اسکیم: پہلی دو قسطیں ادا کرنے پر پلاٹ کا قبضہ دیدیا جائے گا

July 19, 2020


وزیراعظم سستا گھر ہاؤسنگ اسکیم (نیاپاکستان ہاوسنگ اسکیم) کےتحت حضرو میں 600 سستے پلاٹ فراہم کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق 400 کنال پر مشتمل اسکیم میں 3 مرلے کے 400 پلاٹ بے گھر لوگوں کو دیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سستا گھر اسکیم میں بے گھر لوگوں کو 5 مرلے کے 200 پلاٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کے مشیر امین اسلم اور معاون خصوصی زلفی بخاری آج اسکیم کاسنگ بنیاد رکھیں گے۔

سستا گھر اسکیم میں حکومت اپنے وسائل سے بجلی، گیس سپلائی، سڑکیں بنائے گی۔

حکومت سیوریج سسٹم سمیت اسکیم میں ڈیولپمنٹ پر 7 کروڑ روپے خرچ کرے گی، بے گھر افراد کو سستے پلاٹس بذریعہ قرعہ اندازی ملیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ قرعہ اندازی میں نام نکلنے پر شہری 5 سال میں بلاسود قسطیں ادا کریں گے، صرف پہلی دو اقساط ادا کرنے پر گھر بنانے کےلیے پلاٹ کا قبضہ دیدیاجائےگا۔

حکومت گھروں کی تعمیر کے لیے بھی بینکوں سے قرض لینے میں معاونت کرے گی۔