یونس خان بطور بیٹنگ کوچ سب کو متاثر کرنے میں کامیاب

July 22, 2020

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کی کوچنگ کے انداز نے بیٹسمینوں کو متاثر کیا ہے۔ پاکستان کیلئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بیٹسمین پہلے کوچنگ اسائمنٹ پر ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں ہیں۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق عام طور سخت گیر سمجھے جانے والے یونس خان دوستانہ ماحول میں ذمے داریاں نبھا رہے ہیں۔ ان کی کوچنگ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے مقابلے میں کسی بیٹسمین کو تکنیک بدلنے کا مشورہ دینے کے بجائے انہیں بتاتے ہیں کہ یہ اسٹروک اس طرح کھیلتے تو بہتر تھا۔ عام طوپر کوچز بیٹسمینوں کو انداز تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن یونس اپنی رائے مسلط نہیں کررہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سابق کپتان یونس خان ، ہیڈ کوچ مصباح الحق سے بڑے کرکٹر ہیں لیکن اپنے کام تک محدود اور مصباح پر اپنی رائے تھوپنے سے گریز کرتے ہیں۔