فرحان سعید نے وسیم اکرم کو رول ماڈل قرار دیدیا

July 29, 2020

پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو رول ماڈل قرار دے دیا ہے۔

فرحان سعید نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اُن کی کچھ تصاویر پوسٹ کیں۔


تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے فرحان سعید نے لکھا کہ ’میں سوئنگ کے سلطان اور اپنے دور کے بہترین بالر وسیم اکرم کا ہمیشہ سے ہی پُرستار رہا ہوں پھر چاہے وہ گراؤنڈ میں ہوں یا گراؤنڈ سے باہر ہوں۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’مجھے جب بھی وسیم بھائی سے ملاقات کا موقع ملا تو ہر بار اُن کی اعلیٰ شخصیت اور خوش اخلاق رویے نے مجھے خوش کیا، کرکٹ کے لیے ان کی قطع لگن اور پاکستان سے ان کی بے مثال محبت قطعی الہام ہے۔‘

اُنہوں نے وسیم اکرم کی خدمات کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’میں اُن کے اُس نیک عمل کے دیکھنے کے بعد سے پوری طرح حیرت زدہ ہوں کہ جب انہوں نے خواہشمند نوجوان کرکٹرز کو مدد فراہم کرنے میں سرمایہ کاری کی تھی اور اُن کا یہ کام میری نظر میں بہت انمول ہے۔‘

فرحان سعید نے وسیم اکرم کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’بطور کرکٹر، کمنٹیٹر، کوچ اور اُن کے متعدد باصلاحیت کام کو دیکھا جائے تو وسیم اکرم ہم سب کے لیے ایک مثالی رول ماڈل ہیں۔‘

آخر میں گلوکار نے وسیم اکرم کی پاکستان کے لیے خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہمیشہ ہمیں اسی طرح متاثر کرتے رہیں، بلاشبہ آپ دنیا میں پاکستان کے بہترین سفیر ہیں۔‘

واضح رہے کہ فرحان سعید نے سوشل میڈیا پر ’لِیونگ لیجنڈز‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی ہے جس میں فرحان سعید ملک کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دینے والی عظیم شخصیات کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔