حکومتی دعوے دھرے رہ گئے، چینی 90 سے95 روپے کلو

July 29, 2020


چینی سستی بیچنے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے، لاہور میں چینی90 سے 95 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی۔

شہر کی کئی دکانوں پر تو چینی دستیاب ہی نہیں ہے، جو دکاندار چینی بیچ رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ زیادہ قیمت پر چینی خرید کر سستی کیسے بیچ سکتے ہیں؟

حکومت کی جانب سے کئی بار یہ دعویٰ کیا گیا کہ چینی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا لیکن شوگر مافیا نے اپنا کام دکھا گیا۔

لاہور کی بیشتر دکانوں پر چینی دستیاب ہی نہیں، جہاں سے مل رہی ہے وہاں قیمت فی کلو 90سے 95 روپے ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے آٹا مہنگا ہوا، اب چینی بھی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہے، حکومت صرف وعدے کرتی ہے، مہنگائی سے بچانے کے لیے اقدامات نہیں کیے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کا موقف ہے کہ کالی بھیڑیں جان بوجھ کر قیمت میں اضافہ کر رہی ہیں، مافیاز کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، چینی کی درآمد کا فیصلہ کیا ہے، رسد بڑھنے سے قیمت کم ہو جائے گی۔