اسلام آباد ہائیکورٹ نے معاونین خصوصی کی دہری شہریت کیس کا فیصلہ سنادیا

July 30, 2020


اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزيراعظم کے دہری شہریت والے معاونین خصوصی کو ہٹانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ وزیراعظم کا معاون خصوصی دہری شہریت پر نااہل نہیں ہوسکتا، دہری شہریت والے کے محب وطن ہونے پر شک نہیں کیا جاسکتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی دہری شہریت کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج دلائل سننے کے بعدکیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وزیر اعظم عوام کو جوابدہ ہیں، اکیلے ریاست کا نظام نہیں چلاسکتے، جبکہ دہری شہریت پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی پر شک نہیں کیا جاسکتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ معاون خصوصی کا تقرر وزیر اعظم کا اختیار ہے، تعداد کی بھی کوئی پابندی نہیں ہے۔

عدالت نے کہا کہ وزیر اعظم کا معاون خصوصی دہری شہریت پر نااہل نہیں ہوسکتا، جبکہ دہری شہریت والے شخص کے بھی محب وطن ہونے پر شک نہیں کیا جاسکتا۔