عمران نیازی کی حکومت بری طرح پٹ چکی ہے، احسن اقبال

July 31, 2020


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئیر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی کی حکومت بری طرح پٹ چکی ہے ۔

پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت میں مہنگائی اتنی ہوچکی ہےکہ عام آدمی کی چیخیں نکل گئیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سے حکومت کی کارکردگی سے متعلق پوچھا جائے تو جواب دیتے ہیں،این آر او نہیں دوں گا۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آپ سے این آر او مانگ کون رہا ہے؟ اپوزیشن کی کردار کشی، پگڑیاں اچھال کر عمران خان اپنی ناکامیاں نہیں چھپاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کی تباہی پر این آر او کہہ کر پردہ نہیں ڈال سکتے، ہمیں این آر او نہ دیں ،حکومت عوام کو این آر او دے کر انہیں جینے کا حق دے دے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف ) کی چوری پکڑے جانے پر مرچیں لگی ہوئی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کا ہر قانون نواز شریف ، اسحق ڈار اور سیاسی مخالفین کو سامنے رکھ کر بنایا جاتا ہے۔