چمن میں قرنطینہ سینٹر نذر آتش کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا اظہار افسوس

July 31, 2020

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گزشتہ روز کے ہنگامے کے دوران چمن میں قائم قرنطینہ سینٹر میں توڑ پھوڑ اور نذر آتش کئے جانے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ ہم اپنی ہی سہولت کے لئے قائم چیزوں کے ساتھ ایسا کیسے کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صاحب حیثیت لوگ تو بڑے اسپتالوں میں جاتے ہیں۔ یہ سہولت تو کورونا وائرس اور دیگر قدرتی آفات میں غریب لوگوں کے لئے قائم کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ قرنطینہ سینٹر کو توڑا گیا، آگ لگائی گئی اور سامان اٹھا کر لے جایا گیا۔