اسیکس میں8 دن سے زیر زمین پھنسے 2 کتوں کو بچا لیا گیا

August 01, 2020

لندن (پی اے) اسیکس میں دو کتوں کو 8 دن کی گمشدگی کے بعد بازیاب کرالیا گیا۔ یہ کتے 20 جولائی کو پیڈوک میں اپنے دیہی گھر کے قریب سے کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے، جن کی گھر واپسی نہ ہونے پر کتوں کی مالکہ کیٹی فولر اور رضاکاروں نے ان کی تلاش کا کام شروع کیا، جس میں ڈرون کیمروں اور سدھائے ہوئے کتے کو بھی استعمال کیا گیا جبکہ راتوں کو مختلف مقامات پر باربی کیو سوساجز بھی رکھے گئے کہ ان کی خوشبو سونگ کر کتے واپس آ جائیں۔ 8 دن بعد تلاش کرنے والی ٹیم کو ایک سوراخ سے کتوں کے بھونکنے کی مدہم آوازیں آئیں، جس پر اس سوراخ کو بڑا کر کے کتوں کو سرنگ سے نکال لیا گیا۔9 سالہ ہیٹی اور اس کی 6 سالہ کتیا ٹوسٹ کی تلاش میں رضاکاروں نے ایک فیس بک پیج بنایا، دونوں کے پوسٹرز چھاپ کر لگائے اور گمشدہ پالتو جانوروں کی ویب سائیٹ پر ان کی تلاش میں مدد کی اپیل شیئر کی۔ مالکہ کیٹی کے مطابق جب ان کی تلاش میں کوئی چیز کارگر ثابت نہ ہوئی تو منگل کو لوسی (مالکہ کی بیٹی) ایک کیمرے کی ریکارڈنگ دیکھنے گئی تو اسے زمین کے نیچے سے بھونکنے کی آواز آئی، جس پر ہم نے زمین میں جانے کا ایک راستہ تلاش کیا اور اس کے ذریعے کیمرہ اندر کیا تو ہمیں ٹوسٹ کی ناک نظر آئی۔