ملک بھر میں 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر

August 04, 2020

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں لگائے گئے کرفیو کو 1 سال مکمل ہوگیا، حکومت کی جانب سے 5 اگست 2020ء کو یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا۔

ہندوتوا کے نظریے پر عمل پیرا فاشسٹ نریندر مودی سرکار نے آرٹیکل A-370 کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بھارت کے آئین سے ختم کر دیا۔

مودی سرکار نے غیر معینہ مدت کے لیے کشمیر میں کرفیو لگا کر ظلم و ستم کی انتہا کردی اور تمام مواصلاتی رابطے بند کردیے گئے۔

ہزاروں کشمیریوں کو شہید اور لاپتہ کر دیا گیا، کشمیری خواتین کی عزتیں پامال کی گئیں، سیکڑوں خاندان اجڑ گئے۔

حکومت پاکستان نے بھارت کے ظلم و جبر کے خلاف 5 اگست 2020 کو ملک بھر میں یوم استحصال منانے کا اعلان کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کار ریلیاں بھی نکالی جائیں گی، کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کی تصویری نمائش کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے، 5 اگست کو کشمیر ہائی وے کا نام سری نگر ہائی وے رکھا جائے گا۔

یکجہتی واک اور کار ریلیوں کو سوشل میڈیا کمپینز کے ذریعے اجاگر کیا جائےگا۔

معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یک جہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف اسلام آباد میں مارچ بھی کیا جائے گا، جس کی قیادت صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کریں گے۔

معید یوسف نے بتایا کہ 5 اگست کی صبح دس بجےکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ایک منٹ کی خا موشی اختیار کی جائے گی۔