پاکستان کا طالبان قیدیوں کی رہائی کیلئے افغان لویہ جرگہ کی سفارشات کا خیرمقدم

August 09, 2020

پاکستان نے طالبان قیدیوں کی رہائی کے لیے افغان لویہ جرگہ کی سفارشات کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 400 طالبان قیدیوں کی رہائی سے متعلق جرگہ کی سفارشات خوش آئند ہیں۔

انھوں نے کہا کہ امید ہے طالبان قیدیوں کی رہائی سے انٹرا افغان مذاکرات کا دور جلد شروع ہوگا۔

ترجمان دفترخارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغان قیادت پر دیرپا امن کے لیے بین الافغان مذاکرات پر زور دیتا رہا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کا دیرپا حل جامع مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پُرامن افغانستان کے لیے عالمی برادری مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔