بیگم صفدرکی چوری اور سینہ زوری کو سلام ہے: فیاض چوہان

August 11, 2020

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مریم نواز کی نیب پیشی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کی جلوس کے ساتھ نیب حاضری ’نو سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی‘ کےمترادف ہے، بیگم صفدرکی چوری اور سینہ زوری، ڈھٹائی اور جرات کو سلام ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کا دعویٰ تھا کہ انکی لندن تو کیا، پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے، آج سیکڑوں کنال اراضی کی رجسٹریاں اور ملکیتی کاغذات منہ چڑا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بیگم صفدر کو شرمندگی، انکساری اور عاجزی کے ساتھ نیب میں پیش ہوناچاہئے تھا، بیگم صفدرکی چوری اور سینہ زوری، ڈھٹائی اور جرات کو سلام ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیگی کارکنان ’جنج ٹرپئی واجیاں نال میں لڈیاں پاواں‘ کے مصداق بھنگڑے ڈال رہے تھے، لیگی قائدین اپنے کارکنان کو بتائیں کہ یہ ذلت، کرپشن، جگ ہنسائی اور لوٹ مار کی جنج تھی۔

فیاض چوہان نے کہا کہ ان جلسےجلوسوں کے زور پرشریف خاندان اور لیگی قائدین احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسی منفی طرز عمل کی وجہ سے شریف خاندان کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ،یہ اپنے ساتھ گاڑیوں میں شاپرز میں پتھر رکھ کر لائے تھے پورے ملک نے دیکھا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بیگم صفدر نے منتیں کرکے یہ تین سو بندے جمع کیے، یہ تین سو بندے اپنے ساتھ یہ ہنگامہ آرائی کرنے کے لیے ہی لائے گئے۔

فیاض چوہان نے کہا کہ جن لوگوں نے ہنگامہ آرائی کی ہے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔