سیشن جج قیصر نذیر بٹ کے اعزاز میں شاندار الوداعی تقریب

August 11, 2020

سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ کا تبادلہ ہوا تو انہیں الوداع کہنے کے لیے ایک زبردست تقریب کا اہتمام کیا گیا، بعد میں ہائی کورٹ کے ایک نوٹیفکیشن کے تحت انہیں او ایس ڈی کر دیا گیا۔

بینڈ باجے، بگھی اور پھولوں کی پتیاں، یہ کسی شادی کا مناظر نہیں بلکہ یہ مناظر سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ کے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب کے ہیں۔

پانچ اگست کو سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ کا ساہیوال تبادلہ کر دیا گیا جس پر لاہور بار نے ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی۔

سیشن جج کا ایسا شاندار استقبال ہوا کہ شادی کی تقریب کا سماں بندھ گیا، قیصر نذیر بٹ کو دلہے کی طرح سجی سنوری بگھی میں لایا گیا۔

سیشن جج قیصر نذیر بٹ گلے میں پھولوں کی مالا پہنے بگھی سے اترے تو پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور گلدستے بھی پیش کیے گئے۔

سیشن جج وکلاء کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن کچہری سے گزرے تو خواتین وکلاء نے بھی ان پر پھول برسائے۔

واضح رہے کہ تبادلے کے پانچ روز بعد 10 اگست کو لاہور ہائی کورٹ کے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے سیشن جج قیصر نذیر بٹ کو او ایس ڈی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔