جذبۂ شبیریؓ ایمان و یقین کی روایت کو جلا بخشتا ہے، وزیرِ اعظم

August 30, 2020

وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ جذبۂ شبیریؓ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔

یومِ عاشور کےموقع پر وزیر اعظم عمران خان نے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی شہادت کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کر رہے ہیں، یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبۂ قربانی کی لازوال روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ہمیں کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرِپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

وزیرِ اعظم ایک ہفتے کے لیے خود کراچی جائیں، چوہدری شجاعت

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کو زندہ رکھا ہے۔

وزیر ِاعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے کورونا کی وباء نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اللّٰہ تعالیٰ کی مدد اور حکومت کے بروقت اقدامات سے کورونا کے پھیلاؤ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔