روسی طیاروں کی امریکی جہاز کے قریب پروازیں

April 14, 2016

امریکی حکام نے کہاہے کہ دو روسی جنگی جہازوں نے بحیرہ بالٹک میں امریکی میزائل شکن جہاز کے قریب 12 بار جارحانہ پروازیں کیں تاہم ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

حکام کے مطابق دی سکوئی ایس یو 24 نامی جنگی جہاز بین الاقوامی پانیوں میں امریکی میزائل شکن جہاز کے بہت قریب آ گئے تھے۔حکام کے مطابق ان جنگی جہازوں پر کوئی ہتھیار نہیں تھا اس لیے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ایک امریکی اہلکار نے ان واقعات کو حالیہ زمانے میں سب سے زیادہ جارحانہ کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا۔امریکی میزائل شکن جہاز کے کمانڈر ڈونلڈ کک نے روسی جنگی جہازوں کی ان پروازوں کو جارحانہ کارروائی قرار دیا۔

امریکی حکام نے ایک بیان میں ان پروازوں کو ممکنہ طور پر اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کوئی بھی حادثہ رونما ہو سکتا تھا ، جب یہ واقعہ ہوا، اس وقت امریکی کمانڈر ڈونلڈ کک فوجی ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ ڈرل کی مشقیں کر رہے تھے۔