ٹیچنگ کورس بی ایڈ کیلئے عمر کی حد ختم کرنے کا فیصلہ

September 08, 2020


سندھ حکومت کی جانب سے تدریس کے پیشے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد ختم کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق طویل عرصے بعد سندھ ٹیچرز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنز کا اجلاس وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرِ صدارت ہوا۔

اجلاس میں اراکین کی جانب سے ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد میں اضافے کی تجویز سامنے آئی جس پر شرکاء نے مختلف رائے دی۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ علم کے حصول کے لیے عمر کی پابندی نہیں ہونی چاہیے، علم کو عمر کی پابندی سے محدود کرنا درست نہیں۔

شرکاء کی مشاورت کے بعد اجلاس میں میں بی ایڈ کرنے کے لیے عمر کی حد ختم کرنے اہم فیصلہ کیا گیا، جس پر وزیرِ تعلیم نے کہا کہ اس حوالے سے جلد قانون سازی بھی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد 28 سال مقرر تھی۔

معروف سماجی رہنما شہزاد رائے نے فیصلے کو سراہتے ہوئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس فیصلے سے نوجوانوں کی ٹیچنگ شعبے میں آنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔