کراچی میں 4 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس

September 10, 2020


کراچی شرقی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں چار منزلہ رہائشی عمارت زمیں بوس ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے اور ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جس مقام پر عمارت گری ہے وہاں کافی عرصے سے پانی کھڑا تھا، زمین بوس ہونے والی عمارت میں 6 فیملیز رہائش پذیر تھیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے سے 8 زخمی افراد اور 2 بچوں کی لاش کو نکال لیا گیا ہے جبکہ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے مطابق عمارت غیر قانونی طور پر چائنا کٹنگ کرکے بنائی گئی تھی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ2 روز قبل عمارت خالی کرانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے تھے۔

عمارت منہدم ہوجانے کے بعد پولیس کی جانب سے اس سے ملحقہ دوسری عمارت کو خالی کرائے جانے کے اعلانات کیے جارہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کے اہلکار ذوالفقار کی فیملی بھی اسی مکان میں رہائش پذیر ہے، تاہم ذوالفقار اپنے اہل خانہ کو فون کر رہے ہیں مگر کوئی رابطہ نہیں ہورہا ہے۔

واقعہ کے بعد پولیس رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا ویلفیئر کے رضاکار بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں، انتظامیہ کی جانب سے مشینری بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق علاقہ گنجان آباد اور رش والی جگہ ہونے کےباعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔