حقیقی مرد عورت کی حفاظت کرتے ہیں، شنیرا اکرم

September 11, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم کی جانب سے لاہور موٹروے واقعے پر ردّ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

شنیرا اکرم نے لاہور میں خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’حقیقی مرد عورت کی حفاظت کرتا ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’حقیقی مرد مدد کرتے ہیں، جان بچاتے ہیں، مہربان ہوتے ہیں، ہمدرد ہوتے ہیں، قابل اعتماد ہوتے ہیں اور حقیقی مرد کسی عورت کی عصمت دری نہیں کرتا۔‘

وسیم اکرم کی اہلیہ نے اپنے اگلے پیغام میں اِس ٹوئٹ کی وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں یہاں صرف اُن درندوں کی بات نہیں کر رہی ہوں بلکہ میں ایک شوہر ، ایک باپ، انکل اور دوستوں سے بھی مخاطب ہوں کہ اگر ایک عورت ’نہ‘ کہتی ہے تو اِس کا مطلب ’نہ‘ ہے، حقیقی مرد کسی بھی عورت کو مجبور نہیں کرتا۔‘

شنیرا نے مزید لکھا کہ ’اِس معاشرے سے درندگی کو ختم کرنے کے لیے ہمیں حقیقی مردوں کی ضرورت ہے جو عورت کے ساتھ کھڑے ہوں اور اُن کی حفاظت کریں۔‘

واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس واقعے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین سمیت تمام فنکار مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔